دہشت گرد نیٹ ورکس کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،حنیف عباسی
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت؛ بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر ملوث ہیں

کوئٹہ۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ دہشت گردی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ہمارے قومی عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں الزام عائد کیا کہ بھارت اور افغانستان میں موجود پاکستان دشمن عناصر اس دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں، اور دشمن قوتیں ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے ان مذموم کارروائیوں میں ملوث ہیں، تاہم سرحد پار سے چلنے والے ان دہشت گرد نیٹ ورکس کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے تصدیق کی کہ کوئٹہ کینٹ سے آنے والی شٹل ٹرین چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی زد میں آئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کا انجن سمیت تین کوچز پٹری سے اتر گئیں جبکہ دو کوچز الٹ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا تھا، جبکہ امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے ریسکیو ٹرک اور ریلیف ٹرین بھی جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت اور ملک کے دشمن ہیں جنہیں عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حادثے کے باوجود پاکستان ریلوے کی آپریشنل سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، جبکہ انتظامیہ کو واقعے کی فوری اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی سخت ہدایت کر دی گئی ہے۔



