بلوچستان

جنگوں میں بھی مسافروں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں ہوتی، زمرک اچکزئی

اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی کی کوئٹہ ٹرین دھماکے کی شدید مذمت، مسافروں پر حملہ بزدلانہ عمل قرار

کوئٹہ۔عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ٹرین پر ہونے والے خوفناک بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک خصوصی مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی خوشیاں منانے کے لیے اپنے پیاروں کے پاس گھروں کو جانے والے بے گناہ اور نہتے مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک، شرمناک اور بزدلانہ عمل ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں رہ کر قربانیاں دی ہیں، اس لیے ہمیں شہدا کے لواحقین کے گہرے دکھ اور غم کا سب سے زیادہ احساس ہے۔

انجینئر زمرک خان اچکزئی نے مزید کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ یا قانون جنگ کے حالات میں بھی عام مسافروں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا اور ایسے درندگی کے واقعات انسانیت کے منہ پر ایک طمانچہ ہیں۔ اس ہولناک سانحے نے پورے بلوچستان کی فضا کو سوگوار کر دیا ہے کیونکہ یہ کارروائیاں امن اور تمام انسانی اقدار کے سراسر خلاف ہیں۔

انہوں نے حکومت اور مقتدر حلقوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔

آخر میں انہوں نے شہدا کے پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور حکومت سے انہیں فوری بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button