ریلوے دھماکے کی مذمت، کوئٹہ کو تخریب کاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
فارم 47 کے غیر منتخب نمائندے کرپشن اور لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں، انہیں عوام کے قتل عام سے کوئی سروکار نہیں، مرکزی پریس ریلیز

کوئٹہ۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کوئٹہ کے چمن ریلوے پھاٹک پر ہونے والے ٹرین دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، جس میں ایک مرتبہ پھر بڑی ڈھٹائی سے کوئٹہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے معصوم مسافروں کو لہولہان کیا گیا۔
پارٹی کے بیان میں صوبائی دارالحکومت کی سیکیورٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کا امن و امان جن کے حوالے کیا گیا ہے، تب سے یہاں دہشت گردی، بدامنی، ڈاکہ زنی، چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں 200 فیصد اضافہ ہو چکا ہے اور کوئٹہ شہر کا ہر گھر خصوصا اور تمام صوبہ عموما سماج دشمن، امن دشمن اور تخریب کار عناصر کے رحم و کرم پر ہے۔
بیان میں حکمرانوں پر شدید وار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک پر ایجنسیوں کے مسلط کردہ فارم 47 کے غیر منتخب اور نام نہاد نمائندے چوبیس گھنٹے لوٹ کھسوٹ، پرسنٹیج، کرپشن، رشوت خوری اور اقربا پروری میں مصروف ہیں، انہیں عوام کے قتل عام، دکھ درد، شہادتوں اور زخمیوں سے کوئی سروکار ہے اور نہ ہی عوام کی تکالیف سے ان کا کوئی واسطہ ہے۔
پریس ریلیز میں واضح کیا گیا کہ چمن ریلوے پھاٹک بند ہونے کے سبب دونوں جانب کھڑی گاڑیوں اور ان میں موجود کوئٹہ کے پیاروں کی شہادت اور زخمیوں کے دکھ درد اور غم میں پارٹی برابر کی شریک ہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور کڑی سزائیں دی جائیں، جبکہ پارٹی ہر فورم پر اس بدامنی کے خلاف آواز اٹھانے کا اپنا قومی فریضہ ادا کرتی رہے گی۔



