دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،بلاول
کوئٹہ میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے دہشتگرد بم دھماکے کی شدید مذمت‘ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے دہشتگرد بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزدلانہ دہشتگرد کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف پاکستانی قوم کے پختہ عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس اور پاکستان دشمن عناصر کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی اور پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے مقابلے میں متحد ہے اور دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور ریاستی اداروں کی مضبوطی ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہداءکے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے




