بلوچستان

کوئی بھی مہذب معاشرہ عام مسافروں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، رحمت بلوچ

نیشنل پارٹی کے میر رحمت صالح بلوچ کی کوئٹہ ٹرین دھماکے کی شدید مذمت، مسافروں پر حملہ بزدلانہ عمل قرار

کوئٹہ۔نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ٹرین پر ہونے والے خوفناک بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک خصوصی مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی خوشیاں منانے کے لیے اپنے پیاروں کے پاس گھروں کو جانے والے بے گناہ اور نہتے مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک، شرمناک اور بزدلانہ عمل ہے۔

اس سانحے نے پورے بلوچستان کی فضا کو سوگوار کر دیا ہے کیونکہ ایسی کارروائیاں امن اور تمام انسانی اقدار کے سراسر خلاف ہیں۔میر رحمت صالح بلوچ نے مزید کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ یا قانون جنگ کے حالات میں بھی عام مسافروں کو نشانہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا اور ایسے درندگی کے واقعات انسانیت کے منہ پر ایک طمانچہ ہیں۔

انہوں نے حکومت اور مقتدر حلقوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔ آخر میں انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button