پاکستانکاروبار

پاکستان اور جنوبی افریقہ میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

کان کنی، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں جنوبی افریقہ کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع ہیں، وزیر تجارت

اسلام آباد۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کرتے ہوئے جنوبی افریقی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنیات، کان کنی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ڈاکٹر گوین راموکگوپا کی قیادت میں جنوبی افریقی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع، کاروباری روابط اور تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت اور نجی شعبے کے روابط بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط قائم کیے جائیں تاکہ تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جا سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیری، لائیو اسٹاک اور حلال مصنوعات کے شعبوں میں دونوں ممالک کے لیے باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے جنوبی افریقی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے کان کنی اور اہم معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ معدنیات کی پروسیسنگ، قیمتی پتھروں کی تراش خراش اور زیورات کی تیاری میں بھی سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع دستیاب ہیں۔جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ اور ہنرمند نوجوان جنوبی افریقی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے نئے راستے کھول سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے کاروباری شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اقدامات اور برآمدی کاروباروں کی معاونت میں ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ایگزم بینک) کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر گوین راموکگوپا نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے دیرینہ تعلقات کو عملی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کو جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے مائننگ انڈابا سمیت مختلف سرمایہ کاری فورمز میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط بہتر بنانے، بحری راستوں کے ذریعے کم لاگت پر تجارتی سامان کی ترسیل اور کاروباری روابط کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button