پاکستان

بچوں کو صرف بہتر کل کے خواب دکھانا کافی نہیں،بلاول بھٹو

ہر بچے کو تعلیم، صحت، تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

اسلام آباد۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت، تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، بچوں کو امید بھرا مستقبل دینے کے لیے محض وعدے کافی نہیں بلکہ انہیں آج ہی بہتر سہولیات اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سب سے زیادہ بوجھ بچے اٹھا رہے ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی سماجی ناہمواریوں کے باعث بھی بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وڑن ہمیشہ بچوں کے بہتر مستقبل سے وابستہ رہا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بچوں کی فلاح و بہبود اور روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مفت تعلیم، صحت کی سہولیات اور محفوظ ماحول کی فراہمی پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیپلز پارٹی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مو¿ثر قانون سازی کی جدوجہد جاری رکھے گی اور انہیں بہتر تعلیمی و طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے تحفظ، تربیت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ ذمہ داری ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو صرف بہتر کل کے خواب دکھانا کافی نہیں، ہمیں انہیں ایسا آج دینا ہوگا جس میں وہ اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کا حوصلہ حاصل کرسکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بچوں کے ہاتھوں میں کتاب، آنکھوں میں خواب اور دلوں میں امید ہونی چاہیے۔ جب بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں اور آنکھوں میں خواب ہوں گے تو پاکستان کا مستقبل روشن ہوگا اور ان کے دلوں میں امید ہوگی تو ملک ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button