
اسلام آباد ۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہدائ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدائ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہیں علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔
انہوں نے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف پولیس اہلکاروں کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کی لعنت کے فیصلہ کن خاتمے اور خیبر پختونخوا میں بڑی محنت اور قربانیوں سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔قبل ازیں میران شاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔




