پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمیں آنے سے مقابلہ پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہ‘ مارک چیپمین
منتظر رہا ہوں کہ پی ایس ایل کھیلوں اور اب دوبارہ کھیلنے پر بہت خوش ہوں،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے مارک چیپمین کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیمیں آنے سے مقابلہ پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔لاہور میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک چیپمین نے کہا کہ میں اس کا منتظر رہا ہوں کہ یہاں آ¶ں اور پی ایس ایل کھیلوں اور اب دوبارہ کھیلنے پر بہت خوش ہوں
مارک چیپمین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں مقامی ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے، نوجوان فاسٹ بولرز 140 سے زائد کی اسپیڈ سے بولنگ کراتے ہیں جو کہ لیگ کی اسٹرینتھ ہے۔مارک چیپمین کا ماننا ہے کہ جب آپ فرنچائز تبدیل کرتے ہیں تو آپ کو ہر طرح سے مختلف ماحول ملتا ہے، میں نے گزشتہ برس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا تھا، ہم نے فائنل کھیلا تھا
امید ہے کہ اس مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بھی اچھا وقت رہے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ میں نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے بھی ہیں، شاداب خان کپتان ہیں ان سب کے ساتھ اچھا وقت گزرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ابھی 2 سال ہیں اس سے پہلے فوکس آئندہ برس ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ پر ہے جو کہ جنوبی افریقا میں ہے
اس کے بعد پھر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا سوچوں گا۔مارک چیپمین نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ بابر اعظم تجربے کار کھلاڑی ہیں، پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز اور نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، میں انہیں کچھ بتا نہیں سکتا کہ کیسے بیٹنگ کرنی ہے، انہیں خود علم ہے لیکن کبھی کبھار مائنڈ سیٹ کی بات ہوتی ہے، بابر اعظم کی ٹیکنیک بہت اچھی ہے،
بس گیم کے ساتھ جلد ایڈجسٹ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔مارک چیپمین نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے کرکٹ کی میزبانی کے لیے بہت کوششیں کی ہیں، اب تک بہت اچھا جا رہا ہے، ہمارا فوکس ہر گیم پر ہے، ہمارے اگلے 3 میچ بہت جلد آ رہے ہیں، کوشش ہے جیتیں اور مومنٹم پکڑیں۔




