اہم خبریںپاکستانمتفرق

پیٹرولیم مصنوعات ملکی ضروریات کیلئے موجود ہے‘وزیر اعظم

صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں، شہبازشریف

اسلام آباد۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے اور ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں شرکاءکی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے وہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں‘ غیر ضروری سفر سے پرہیز، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے‘حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی‘جس قدر ممکن ہو سکا، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا‘وزیرِ اعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپیہ کی خطیر رقم،مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔

اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں،

اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا اور انکے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اپریل کیلئے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ہے

اجلاس کوبریفنگ دی گئی کہ دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کو ثبوت ہے‘بروقت حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کی صورتحال کو احسن طور سے مینیج کیا گیا ہے‘ موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ویڈیو لنک اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراءاحد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطاءاللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احسن اقبال، شزا فاطمہ خواجہ، اویس خان لغاری، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button