
اسلام آباد ۔ پاکستان نے رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی مد میں مجموعی طور پر 5 ارب 90 کروڑ ڈالر حاصل کیے ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 ارب 88 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔ بیرونی مالی وسائل کے حصول میں اضافے کے ساتھ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تین ارب ڈالر کے نئے بانڈز بھی جاری کیے، جبکہ مختلف عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے بھی مالی معاونت حاصل کی گئی ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ بیرونی قرضوں سے متعلق رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں حکومت نے مجموعی طور پر ایک ہزار 637 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 988 ارب روپے زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران حکومت کو 122 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے موصول ہوئے، جن میں سے 90 ارب روپے بجٹ سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضوں کی مد میں حاصل کیے گئے، جبکہ پراجیکٹ فنانسنگ کے تحت 24 ارب 50 کروڑ روپے موصول ہوئے۔
تاہم اکتوبر 2025 کے مقابلے میں اکتوبر 2026 کے دوران غیر ملکی قرضوں کے حصول میں 10 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پاکستان نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں تین ارب ڈالر کے نئے بانڈز جاری کیے۔ ان میں ایک ارب 75 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.5 فیصد شرح منافع مقرر کی گئی ہے، جن کی میچورٹی 2032 میں ہوگی، جبکہ ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز پر 7.9 فیصد شرح منافع ادا کیا جائے گا اور یہ بانڈز 2036 میں میچور ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق ان بانڈز سے حاصل ہونے والی رقم بجٹ سپورٹ کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے بھی غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اکتوبر 2026 میں اس مد میں 44 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ ستمبر 2026 میں 31 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوست ممالک سے حاصل ہونے والی مالی معاونت کی تفصیلات کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران چین سے 30 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کے ضمانتی قرضے موصول ہوئے۔ اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان کو ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جبکہ فرانس سے دو کروڑ ڈالر، جرمنی سے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور جاپان سے 25 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت حاصل ہوئی۔
عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی رقوم کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اکتوبر عالمی بینک کے آئی ڈی اے پروگرام کے تحت 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 17 کروڑ ڈالر جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے دو کروڑ 76 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
اسی طرح اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ماہ کے دوران پاکستان کو تین کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جبکہ شارٹ ٹرم فنانسنگ کی مد میں بھی اسلامی ترقیاتی بینک سے 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔اقتصادی امور ڈویڑن کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں حکومت نے بیرونی قرضوں، عالمی بانڈز، دوست ممالک کی معاونت اور مختلف مالیاتی اداروں سے فنڈز کے حصول کے ذریعے ملکی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے بیرونی وسائل پر انحصار جاری رکھا ہے۔



