
اسلام آباد۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مصری وزیر خارجہ عبدالعاطی نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور مصر نے مختلف شعبے میں تعاون مزید بڑھانے اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، مشترکہ وزارتی کمیشن فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے مصر کے وزیرِ خارجہ کا خیرمقدم کیا۔ نائب وزیراعظم نے پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات، جو مشترکہ تاریخ، مشترکہ عقیدے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلو¶ں کا جامع جائزہ لیا۔انہوں نے حالیہ اعلیٰ سطح تبادلوں، بالخصوص نومبر 2025 میں مصر کے وزیرِ خارجہ کے دورہ پاکستان کے بعد مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزراءنے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ضمن میں دوطرفہ طریقہ کار کو فعال بنانے، مشترکہ وزارتی کمیشن، اور کاروباری اداروں کے مابین روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے صحت کے شعبے بالخصوص ہیپاٹائٹس سی کے انسداد کے حوالے سے، مصر کی مسلسل معاونت کو سراہا اور اس شعبے میں جاری تعاون کا خیرمقدم کیا۔دونوں جانب نے دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے تربیتی تبادلوں اور دوسرے ادارہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔فریقین نے علاقائی و بین الاقوامی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر تے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے جاری جارحیت کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔دونوں جانب نے اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں پاکستان اور مصر کے مابین قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مصر کے وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے، جن میں 19 مارچ 2026 کو ریاض میں ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ یہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور مصر کے مابین قریبی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔



