پاکستان میں حکومت تبدیلی کے الزامات سچ نہیں: امریکی سفیر

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ایک بار پھر امریکی موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی میں امریکی کردار کے الزامات میں کوئی سچائی نہیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے انگریزی اخبار دا نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی جیسے سازشی نظریات کو ’بدقسمتی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ طویل اور انتہائی اہم تعلقات ہیں اور ’ہم ایک آزاد، خوشحال اور مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ یہ ہمارے اور خطے کے مفاد میں ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’جہاں تک الزامات کا تعلق ہے تو ان میں کوئی سچائی نہیں۔ ہم، نے ان سے بات کی ہے، میں نے اور واشنگٹن نے بھی۔ مجھے امید ہے کہ ہم اس سے نکل سکتے ہیں اور اس اہم کام میں واپس آسکتے ہیں جو ہمیں کرنا ہے۔ اس وقت دنیا اور ہمارے دونوں ممالک کو درپیش کچھ معاملات پر مل کر کام کرنا ہے۔‘

سابق وزیراعظم عمران خان نے مارچ میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کو بیرونی سازش کے تحت گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایک جلسے میں ایک مبینہ خط بھی لہرایا تھا جو ان کے مطابق انہیں بیرون ملک سے بھیجا گیا ’دھمکی آمیز‘ خط تھا۔ اس کے چند ہفتے بعد ہی قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں ان کی حکومت ختم ہوگئی، جس کے بعد سے انہوں نے ملک میں جلسوں کا سلسلہ جاری رکھا جس میں وہ یہ الزام دہراتے رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں نے اسمبلی میں اپنی جماعت کی واپسی کو بھی اس خط کی تحقیقات سے مشروط کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں