پریس کانفرنسز میں معاملات سلجھانے کے بجائے نیا پنڈورا بکس کھول دیا گیا، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پریس کانفرنسز میں معاملات سلجھانے کے بجائے مزید الجھا دیے گئے ہیں اور ایک نیا پنڈورا بکس کھول دیا گیا ہے۔
لاہور میں اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘دو پریس کانفرنسز ہوئیں جس میں ہماری نظر میں معاملات سلجھانے کے بجائے مزید الجھا دیے گئے ہیں اور ایک نیا پنڈورا بکس کھول دیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘آج جو پریس کانفرنس ہوئی اس کا ماخد یہی تھا کہ ادارے نے فیصلہ کیا کہ وہ غیر سیاسی رہے گا اور سب کی یہی خواہش رہی ہے کہ ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرے تو آسان رہے گی اور مشکلات پیدا نہیں ہوگی اور اگر ایسا ہوتا پاکستان کی تاریخ مختلف ہوتی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘کل ہمارے ایک ساتھی، جن کی رکنیت معطل کردی گئی ہے، نے جانتے ہوئے کہ تحریک انصاف کی بڑی واضح پالیسی رہی ہے کہ ہمارے جتنے بھی احتجاج ہوئے ہیں وہ پرامن ہوئے ہیں’۔