مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، چین

چین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور متعلقہ دوطرفہ معاہدے کے مطابق پُرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہئے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان مائو ننگ نے جمعرات کو بیجنگ میں انٹرنیشنل پریس سینٹر میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کشمیر پر بھارتی قبضے کے 75 سال مکمل ہونے پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخ کا ایسا تنازع ہے جو طویل عرصے سے حل طلب ہے، جسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور متعلقہ دو طرفہ معاہدوں کے مطابق پُرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہئے۔

بھارت نے 75 سال قبل 27 اکتوبر 1947 کو یکطرفہ اقدام اٹھاتے ہوئے زبردستی جموں و کشمیر پر قبضہ کرکے وہاں اپنی فوجیں تعینات کی تھیں۔

چینی ترجمان نے کہا کہ متعلقہ فریقین کو ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہئے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تنازع کشمیر کو حل کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے مذاکرات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں