پشین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید

پشین(این این آئی) پشین کے علاقے کلی تراٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پشین شہر کے ساتھ واقع کلی تراٹہ میں انسداد پولیو مہم کے دوسرے دن نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے انسداد پولیوٹیم کی حفاظت پر مامور ہیڈ کانسٹیبل محمدہاشم پر حملہ کردیا، اس دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ تاہم فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کے رضاکار محفوظ رہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹر یاسرخان بازئی، ایس پی پشین عبدالحلیم اچکزئی، ایس ایچ او صدر تھانہ حاجی حزب اللہ ترین، ایس ایچ او سٹی تھانہ روزی خان لمڑ دیگر پولیس، لیویز اور ایف سی حکام کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، اور شہید پولیس اہلکار کی لاش طبی کاروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین پہنچایا۔ اس دوران تمام علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے کلی تراٹہ اور ملحقہ علاقوں سرچ اپریشن شروع کردیاگیا، دریں اثناءشہید پولیس اہلکار کو اپنے آبائی علاقے برشور میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ضلعی پولیس حکام اور علاقے کے عوام نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں