ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی؛ ویسٹ انڈین ہیڈ کوچ عہدے سے مستعفی

دو مرتبہ ٹی 20 کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے کوچ فل سیمنز نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ جاری ہے اور 2 مرتبہ کا عالمی چپمپیئن ویسٹ انڈیز پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئی ہے۔

2016 میں ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ چیمپئن بنانے والے کوچ فل سیمنز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے بعد مستعفی ہو جائیں گے۔

فل سیمنز نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی خراب کارکردگی کی وجہ سے نہیں ہوا، بلکہ میں اس اقدام پر کافی عرصے سے سوچ رہا تھا۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ یہ مایوس کن ہے ۔

ویسٹ انڈین کوچ نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ہم اچھا نہیں کھیلے اور اب ہمیں اپنی شرکت کے بغیر ٹورنامنٹ دیکھنا ہے۔ یہ ناقابل برداشت ہے اور اس کے لیے میں اپنے مداحوں اور پیروکاروں سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں۔

فل سیمنز نے کہا کہ استعفیٰ ایسا فیصلہ ہے جس پر میں کچھ عرصے سے غور کر رہا تھا اور اب وقت آگیا ہے کہ میں اس بات کا اعلان کروں کہ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ کا عہدہ چھوڑ دوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں