وزیراعظم آفس کی 100 گھنٹے سے زائد کی گفتگو ویب سائٹ پر برائے فروخت ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس کی 100 گھنٹے سے زائد کی گفتگو ویب سائٹ پر برائے فروخت ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر کی سو گھنٹے سے زیادہ کی گفتگو ویب سائٹ پر اگست ستمبر سے برائے فروخت ہے، ہماری ایجنسیز کو سیاسی ٹاسک سے فرصت ملتی تو وہ حساس معاملات پر نظر ڈالتے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سوال یہ ہے اتنے بڑے واقعے پر حکومت کو سانپ کیوں سونگھ گیا ہے؟ فون پر گیمز کھیلنے سے فرصت مل جائے تو مؤقف بھی دے دیں۔
اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنی توئٹ میں کہا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کا آفس ڈیٹا جس طرح ڈارک ویب پر فروخت کیلئے پیش کیا گیا یہ ہمارے ہاں سائبر سیکیورٹی (Cyber Security) کے حالات بتاتا ہے، یہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز خصوصاً آئی ہی (IB) کی بہت بڑی ناکامی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات کے علاوہ سیکیورٹی اور خارجہ موضوعات پر بھی اہم گفتگو اب سب کے ہاتھ میں ہے۔