میرا قتل کروا کر مذہبی جنونیت کا رنگ دینے کا منصوبہ بناہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 4 لوگوں میں مجھے مروانے کا منصوبہ بنایا ہے ان کی کوشش کے ہے کہ عمران خان پر کوئی بھی واردات ہو تو کہیں گے کہ مذہبی جنونی نے کردیا۔ یہ کہیں گے دینی انتہا پسند نے عمران خان کو مار دیا۔
رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں امریکا گئے ہیں، ملک میں اللہ کا عذاب آیا ہے، ایک امریکی اداکارہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پہنچی ہیں تو وہ امریکا میں کیا کررہے یں، یہ وہاں مہنگے ترین ہوٹلوں میں رہ رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر چور ہم پر مسلط رہے تو اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں، ایف آئی اے کے کیس میں شہباز شریف اور ان کے بیٹے کو سزا ہونے والی تھی، ان کو سازش کے تحت پم پر مسلط کیا گیا ہے۔ ہمیں اپنی حقیقی آزادی کے لئے باہر نکلنا پڑے گا، جو بھی پاکستان کو پیسہ دے گا وہ اس ملک کی آزادی اور خودمختاری کا سودا کرے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے حکومت میں شامل جماعتوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے پوری کوشش کہ کہ عمران خان کو نااہل کیا جائے، یہ ڈرے ہوئے کہ جب بھی الیکشن ہوئے تحریک انصاف جیت جائے گی۔ 4 لوگوں نے بند کمرے میں مجھے مروانے کا فیصلہ کیا، وہ اب بھی اس سازش میں لگے ہیں، انہوں نے مریم نواز ، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے ذریعے پریس کانفرنس کروائی کہ عمران خان نے خوانخواستہ مذہب کی توہین کی ہے، ان کی کوشش کے ہے کہ عمران خان پر کوئی بھی واردات ہو تو کہیں گے کہ مذہبی جنونی نے کردیا۔ یہ کہیں گے دینی انتہا پسند نے عمران خان کو مار دیا۔
عمران خان نے کہا کہ میں پورے پاکستان میں گھوم رہا ہوں، مجھے اپنی جان سے زیادہ ملک کی آزادی کی فکر ہے، یہ سازش وہ لوگ کر رہے ہیں جو اپنی انا اور کرپشن کے قیدی ہیں، یہ ملک سے باہر رہتے ہیں ، پاکستان حکومت کرنے آتے ہیں اور ملک کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی بہت جلدی تھی ، یہ اب اقتدار میں آکر باری باری اپنے کیسز ختم کروا رہے ہیں، کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کہ ہم بھیڑ بکریوں کی طرح یہ تماشا دیکھیں گے، جب تک مجھ میں جان ہے کہ میں اس کے خلاف نکلوں گا اور اپنی قوم کو نکالوں گا۔
اسٹیبشلمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں کہ یہ جو چور اپنی کرپشن کے کیسز ختم کررہے ہیں، کیا یہ صرف عمران خان کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں کرپشن روکی جائے، کیا آپ کی یہ ذمہ داری نہیں، عمران خان نے کہا کہ میں نے ٹھیکہ لیا ہوا ہے اس ملک میں کرپشن کے خلاف لڑوں؟ کیا کرپشن کے خلاف لڑنا کسی اور کی ذمہ داری نہیں ہے؟۔
عمران خان نے کہا کہ طاقت اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے لیکن وہ کہتے ہیں ہم نیوٹرل ہیں، اللہ نے نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، اللہ کا حکم ہے جب یہ چور ملک کو لوٹ کر باہر بھاگ گئے اور اب یہ ڈیل کے تحت اپنے خلاف کیسز ختم کرارہے ہیں، ساری قوم پر فرض ہے کہ ان کے خلاف کھڑے ہو اور ان کا مقابلہ کرو۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری عدالتیں پہلے تو کنٹرولڈ تھیں، بڑی جدوجہد کے بعد ہماری عدالتیں آزادی کی طرف جارہی ہیں، پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہو، عدالتوں کو قوم کے بنیادی حقوق کی حفاظت کے لئے کھڑا ہونا چاہیے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک کی بدقسمتی دیکھو کہ جسے جیل ہونا چاہیے وہ ہمیں سمجھا جارہا ہے کہ جمہوریت کیا ہوتی ہے، رانا ثناء اللہ سن لو کہ میرا جمہوری حق ہے کہ میں پرامن احتجاج کروں۔ رانا ثنا اللہ ہمیں ڈرا رہا ہے کہ تم آؤ تو شیلنگ کریں گے، رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف سن لیں کہ پہلی مرتبہ ہم آئے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ تم عورتوں اور بچوں پر ظلم کرو گے، اس بار کپتان پوری پلاننگ کرکے آئے گا۔