اسحاق ڈار منگل کو وفاقی وزیر خزانہ کا حلف اٹھائیں گے

مسلم لیگ ن کے رہنماء اسحاق ڈار منگل کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں وزیراعظم شہباز نے نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں اسحاق ڈار کی وطن واپسی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار منگل کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے جبکہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی ن لیگ کی اتحادی حکومت میں معاشی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

نمائندہ سماء کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وطن روانہ ہوسکتے ہیں تاہم ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 7 اکتوبر تک سرینڈر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں