اسحٰق ڈار کو معیشت میں بہتری نہیں، منی لانڈرنگ میں تیزی کیلئے لایا جارہا ہے، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمرنے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، اسحٰق ڈار کو معیشت ٹھیک کرنے نہیں بلکہ منی لانڈرنگ میں تیزی کے لیے لایا جا رہا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کے حوالے سے مقدمے میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مشہور اینکر پرسن اور صحافی عمران ریاض خان نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ آرمی چیف نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پاکستان میں معیشت کی تباہی کی وجہ اسحٰق ڈار کی پالیسی تھی، اب مجھے نہیں لگتا کہ اسحٰق ڈار کو ملک کی معیشت میں بہتری کے لیے لایا جارہا ہے بلکہ اگر منی لانڈرنگ میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو انہیں اُس میں تیزی کے لیے لایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر الیکشن سے بھاگ رہی ہے، الیکشن کمیشن نے وہ تمام الیکشن بھی منسوخ کردیے جہاں سیلاب کا نام و نشان بھی نہیں تھا کیونکہ ان کو معلوم ہے کہ عمران خان سے سیاسی میدان میں مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔