فیڈرر کا نم آنکھوں کے ساتھ انٹرنیشنل ٹینس کو الوداع

عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے لیورز کپ میں یادگار رات کے دوران اپنے بین الاقوامی کیریئر کو آنسوؤں کے ساتھ الوداع کہہ دیا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 41سالہ فیڈر نے لیورز کپ میں اپنا الوداعی میچ اپنے روایتی حریف اور ہسپانوی اسٹار رافیل نڈال کے ہمراہ کھیلا۔
فیڈرر میچ کے بعد جب نڈال اور جوکووچ سمیت اپنے دیگر ساتھیوں سے گلے ملے تو ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے جبکہ اس موقع پر رافیل نڈال بھی اپنے آنسو نہ روک سکے۔
جب فیڈرر نے اپنے آخری میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیا تو پورا ارینا فیڈرر کا نام لینے والے شائقین کے ناموں سے گونج رہا تھا۔
20 گرینڈ سلیم جیتنے کے ساتھ ساتھ متعدد ریکارڈ اپنے نام کرنے والے فیڈرر نے کہا کہ یہ ایک شاندار دن تھا، میں افسردہ نہیں بلکہ خوش ہوں، میں اس مقام تک پہنچنے پر بہت خوش ہوں۔
لیورز کپ میں یورپ اور ریسٹ آف دی ورلڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فیڈرر اور رافیل پر مشتمل جوڑی کا آخری مقابلہ جیک سوک اور فرانسس ٹیافو کی جوڑی سے ہوا۔
ایک عرصے تک اعلیٰ سطح پر پیشہ ورانہ ٹینس نہ کھیلنے کے باوجود فیڈرر عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے اور حریف جوڑی کے خلاف تقریباً فتح سمیٹ بھی لی تھی لیکن فیڈرر کے غلط فور ہینڈ شاٹ کے سبب انہوں نے یہ موقع گنوا دیا اور یورپ کی ٹیم یہ میچ ہار گئی۔