لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان جمعہ کو کرونگا، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا، پاکستان تیزی سے دلدل میں جارہا ہے، واحد حل صرف الیکشن ہیں، ادارے جو کررہے ہیں کیا اس سے عوام ان کی عزت کرے گی؟۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، ان کے ہمراہ اعظم سواتی بھی موجود تھے۔

بنی گالہ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب سے یہ لوگ اقتدار میں آئے ہیں میری جماعت کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے جو طریقے اختیار کئے ہیں یہ میں نے کبھی پاکستان میں نہیں دیکھے، خاص طور پر جمہوری ادوار میں کبھی ایسی چیز نہیں دیکھی۔

ان کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا قابل افسوس ہے، اس پر ہر فورم پر جائیں گے، افسوس ہے کہ ہماری عدلیہ نے شہباز گل کے معاملے پر از خود نوٹس نہیں لیا، اگر نوٹس ہوجاتا تو اعظم سواتی کے ساتھ یہ سب کچھ نہ ہوتا، سپریم کورٹ ایف آئی اے سے پوچھے کہ انہوں نے اعظم سواتی کو کس کے حوالے کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نامعلوم افراد جو چاہیں کرتے پھریں اور لوگ ان کا نام لیتے ہوئے بھی ڈرتے ہیں، یہ لوگ ملک کے دشمن ہیں، یہ ہمارے ملک کو تباہ کررہے ہیں، ادارے جو کررہے ہیں ان حرکتوں سے کبھی انہیں عزت نہیں ملے گی۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے باوجود ہم ضمنی الیکشن جیت گئے، ملک کے بڑے بڑے جرائم پیشہ افراد اوپر آکر بیٹھ گئے ہیں، سیاسی جماعتوں کے بیک ڈور رابطے ہوتے رہتے ہیں، مجھے نہیں لگتا بیک ڈور رابطوں کا کوئی نتیجہ نکلے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان جمعہ کو کردوں گا، پاکستان تیزی سے دلدل میں جارہا ہے، واحد حل صرف الیکشن ہے، مجھے گرفتار کرلیں گے تو کیا لانگ مارچ نہیں ہوگا؟، ہمارا لانگ مارچ پرامن ہوگا کسی قسم کا تشدد نہیں ہوگا، پُرامن احتجاج کا راستہ روکیں گے تو ملک بند ہوجائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن خود فیصلہ نہیں کرسکتا تھا، الیکشن کمیشن کو کسی نے پیچھے سے بوٹ لگایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں