. تعلیم کے فروغ اور تدریسی عمل کی بہتری کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں‘جام کمال خان - Today Pakistan
Home / بلوچستان / تعلیم کے فروغ اور تدریسی عمل کی بہتری کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں‘جام کمال خان

تعلیم کے فروغ اور تدریسی عمل کی بہتری کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں‘جام کمال خان

حکومت عامل صحافیوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے اور گوادر پریس کلب کی اراضی کے حصول کے لئے ہر ممکن تعاون کریگی
کوئٹہ (خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے رولر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کونسل گوادر(آرسی ڈی) کے وفدنے پیر کے روز یہاںملاقات کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور بلیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آر سی ڈی کونسل کے صدر ناصر رحیم سورابی اور گوادر پریس کلب کے صدر صداقت بلوچ نے وزیر اعلیٰ کو کونسل اور گوادر پریس کلب سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔ ناصر رحیم سورابی نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ آرسی ڈی کونسل گوادر میں کئی دہائیوں سے ادب وثقافت، تعلیم و تربیت اور مختلف دیگر تدریسی منصوبوں کے ذریعے سماجی خدمت میں مصروف ہے اور مارچ کے مہینے میں گوادر کتب میلہ کا انعقاد کیاجارہاہے جس میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے مصنف ، شاعر، ادیب اور ادبی تنظیمیں اپنی کتب نمائش کے لئے پیش کریں گے، انہوں نے وزیر اعلیٰ کو کتب میلہ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی بھی دعوت دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے فروغ اور تدریسی عمل کی بہتری کے لئے حکومت سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں دیگر تنظیموں کی جانب سے اٹھائے گے اقدامات کو نہ صرف سراہتی ہے بلکہ ان کی ہرممکن معاونت بھی کر رہی ہے ، آر سی ڈی گوادر کی تعلیمی اور ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کتابوں سے دوستی اور ادب کے فروغ سے ہی ہم اپنے سماج اور معاشرے کو ترقی اور کامیابی سے ہمکنار کرسکتے ہیں،وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت عامل صحافیوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے اور گوادر پریس کلب کی اراضی کے حصول کے لئے ہر ممکن تعاون کریگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اگلے ماہ گوادر میں ہونے والے کتب میلہ میں ضرور شریک ہوں گے، جس پر وفد نے ان کا شکر یہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے