. وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا پی سی بی کو خط - Today Pakistan
Home / اداریہ / وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا پی سی بی کو خط

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا پی سی بی کو خط

بلوچستان میں طویل بدامنی کے بعد فورسز اور عوام کی ناقابل فراموش قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا ہے اور ماحول بیرونی سرمایہ کاروں سمیت ہر شعبہ کے لئے انتہائی سازگار ہیں ۔اب رواں ہفتے پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن شروع ہونے جارہا ہے اور اس کے میچز پاکستان اور دبئی میں کھیلے جائیں گے اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 2019کے حتمی مرحلے کاایک میچ کوئٹہ میں بھی ہونا چاہئے ، وزیراعلیٰ کی جانب سے تحریر کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں بالخصوص کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں تاہم طویل عرصہ سے کوئٹہ میں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد نہیں ہواہے اور اب جبکہ کوئٹہ میں عالمی معیار کا اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم موجود ہے جہاں کرکٹ کے بین الاقوامی میچ منعقد ہوسکتے ہیں جس میں پی ایس ایل کا ایک میچ منعقد کیا جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہمارے عوام کی خواہش ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹرز کو اپنے شہر میں کھیلتا دیکھیںکوئٹہ اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال سازگار ہے اور کرکٹ میچ کے انعقاد کی صورت میں بلوچستان کے حوالے سے ایک مثبت تاثر اجاگر ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت میچ کے انعقاد کے لئے ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے پی سی کو لکھا گیا خط صوبے میں بسنے والی عوام کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے ملک کے دیگر صوبوں کی طرح یہاں کے عوام بھی کرکٹ سے انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے پی سی بی کو لکھا گیا خط میڈیا پر آنے کے بعد انتہائی پذیرائی حاصل کررہا ہے یہاں کے عوام خصوصاً نوجوان بھی اس خط سے امیدیں لگائے ہوئے ہیں کہ اس کے توسط یہاں کے میدان پھر سے آباد ہونگے اور صحت مندانہ سرگرمی دیکھنے کو ملے کی ۔پی سی بی نے سلسلہ وار ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کرانے کا پروگرام بنایا جس کے پہلے مرحلے میں لاہور سے آغاز ہوا اور اب کراچی اور دیگر شہر بھی شامل کر لئے گئے ہیں اس لئے پی سی بی کے چیئرمین بلوچستان کے عوام کی کرکٹ اور ملک سے محبت کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچ کا انعقاد کرانے پر سنجیدگی سے غور کریں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے