. کراچی چیمبر کا صنعتوں کوگیس کی بندش پراظہار تشویش، گیس کی فوری بحالی کا مطالبہ - Today Pakistan
Home / کاروبار / کراچی چیمبر کا صنعتوں کوگیس کی بندش پراظہار تشویش، گیس کی فوری بحالی کا مطالبہ

کراچی چیمبر کا صنعتوں کوگیس کی بندش پراظہار تشویش، گیس کی فوری بحالی کا مطالبہ

3دن سے گیس معطل ہے،اسلام آبادکے فیصلہ سازوں،سندھ حکومت نے توجہ نہیں دی،جنید ماکڈا

کراچی (ٹوڈے پاکستان نیوز)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے کراچی کے مختلف صنعتی زونز باالخصوص سائٹ صنعتی ایریا میں صنعتوں کی گیس فراہمی بند کرنے پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ 3 دنوں سے صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل ہے کیونکہ یوٹیلیٹی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کی جانب سے گیس کا پریشر انتہائی کم کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مجموعی پیدوار بری طرح متاثرہورہی ہے اور اربوں روپے کا نقصان ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ وزیراعظم کے مشیر رزاق داو¿د نے 40ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے کا عہد کیا ہے لیکن گیس کی عدم فراہمی اور پانی کی قلت کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمیں یہ خدشہ ہے کہ حکومت مطلوبہ برآمدی ہدف حاصل نہیں کرپائے گی۔جنید ماکڈا نے کہاکہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ گزشتہ 3دنوں سے صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل ہے لیکن نہ اسلام آبادکے فیصلہ سازوں اور نہ ہی سندھ حکومت نے اس سنگین صورتحال پر توجہ دی۔گورنر سندھ کی جانب سے صنعتوں کو گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کے باوجود ایس ایس جی سی نے ایک بار پھر تمام صنعتی ایسوسی ایشنز کو ایک خط جاری کیاہے جس میں صنعتوں سے کہا گیاہے کہ وہ اپنے کیپٹیو پاور پلانٹس پر گیس کااستعمال کم کریں اور گیس کی اپنی معمول کی کھپت کو 50فیصد سے بھی نیچے لے آئیں جو ناممکن ہے کیونکہ جب گیس انتہائی کم پریشر کی وجہ سے ہوگی ہی نہیں تو کس طرح کھپت کو 50فیصد پر لایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کراچی کی تاجروصنعتکار برادری زائد کاروباری لاگت کی وجہ سے پہلے ہی بہت بری طرح متاثر ہورہی ہے لہٰذا کراچی کی صنعتوں کو گیس فراہمی کی معطلی نہ صرف صنعتوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی بلکہ اس سے غربت اور بے روزگاری بڑھنے کے علاوہ اقتصادی بحران میں بھی اضافہ ہوگا۔جنید ماکڈا نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مذکورہ صورتحال کو نوٹس لینے اور ایس ایس جی سی کو فوری طور پر صنعتوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بصورت دیگر ملکی اقتصادیات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ کراچی ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔وفاقی حکومت اپنا وعدہ لازمی پورا کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کو کراچی کے صنعتی یونٹس کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرے۔ موجودہ حکومت کی جانب سے کاروبار کرنے کو آسان بنانے اور مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کے مظاہرے کو سامنے رکھتے ہوئے جنید ماکڈا پُر امید تھے کہ وزیراعظم عمران خان متعلقہ وزارت کو اس مسئلے پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینے کی ہدایت کریں اور صنعتوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس کی بلاتعطل فراہمی بحال کی جائے تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے کام کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے