. آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کیس ،شہباز شریف کو 18فروری کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم - Today Pakistan
Home / اہم خبریں / آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کیس ،شہباز شریف کو 18فروری کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم

آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کیس ،شہباز شریف کو 18فروری کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم

شہباز شریف میٹنگ اٹینڈ کرسکتے ہیں تو عدالت کیوں نہیں آسکتے، اگر انکی طبیعت خراب ہے تو ایئر ایمبولینس کا انتظام کرلیں گے

لاہور (ٹوڈے پاکستان نیوز )احتساب عدالت نے آشیانہ ہاﺅسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران نامزد ملزم قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عدم پیشی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی پیشی پر کوئی عذر قابل قبول نہیں، میڈیکل سرٹیفکیٹ دینے والوں کو بھی یہاں لاکھڑا کریں گے،عدالت نے انہیں آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 18 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔لاہور کی احتساب عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو احد چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت دیگر ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تاہم شہباز شریف پیش نہ ہوئے۔نیب کے آشیانہ کیس میں دائر ضمنی ریفرنس میں شہباز شریف ، فواد حسن فواد ،احد چیمہ، شاہد شفیق ،ندیم ضیا، کامران کیانی، شاہد شفیق، بلال قدوائی ،منیر ضیا، خالد حسین، علی ساجد، چوہدری شفیق، امتیاز حیدر نامزد ہیں جبکہ عدالت نے 3ملزمان ندیم ضیا، کامران کیانی اور خالد حسین کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کاروائی کی اجازت دے رکھی ہے ۔سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کیوں پیش نہیں ہوئے، ان کو صحت کا مسئلہ ہے یا پی اے سی کی میٹنگ میں ہیں، کیس ایسے تو نہیں چل سکتا ۔جس پر ڈی ایس پی اعزاز شاہ نے عدالت کو بتایا کہ اے پی سی کی میٹنگ بھی ہے ور آج ہی ان کا میڈیکل چیک اپ بھی ہے اس لیے پیش نہیں ہو سکتے۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے کہا کہ شہباز شریف کو پیش کرنا نیب کی ذمہ داری نہیں پولیس کی ہے ۔اس موقع پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تو صرف چوکیدار ہے، پولیس کیا کرے وہ تو اپنا آپ بچاتی ہے۔ریاست جواب دے کہ شہباز شریف کو کس نے اسلام آباد میں رہنے کی اجازت دی، انہیں میڈیکل کی اجازت اس لیے نہیں دی کہ وہ عدالت میں پیش ہی نہ ہوں۔شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو ریڑھ کی ہڈی کا مسئلہ ہے اور ڈاکٹروں نے طویل سفر سے منع کیا ہے ۔جس پر عدالت نے کہا کہ کیا یہاں ڈاکٹرز نہیں ہیں،کیوں نہ اس ڈاکٹر کو ہی طلب کر کے رپورٹ کے متعلق پوچھا جائے، رپورٹ کے مطابق شہباز شریف ٹھیک تھے، لگتا ہے بستر میں پڑے پڑے بیمار ہوگئے۔فاضل جج نے کہا کہ آج آشیانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونی تھی ۔جس پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ عدالت کا آج فرد جرم عائد کرنے کا کوئی حکم نہیں تھا۔نیب پراسیکیویٹر نے بھی شہباز شریف کو عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ہر صورت شہباز شریف کو پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو پھر پیشی کا اوپر حکم دوں گا۔احتساب عدالت کے فاضل جج نے کہا کہ یہ فوجداری کیس ہے جس میں ملزم کا پیش ہونا ضروری ہے،شہباز شریف میٹنگ اٹینڈ کرسکتے ہیں تو عدالت کیوں نہیں آسکتے، اگر ان کی طبیعت خراب ہے تو ایئر ایمبولینس کا انتظام کرلیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے