. ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے جامع سفارشات لے کر آئیں، جام کمال - Today Pakistan
Home / بلوچستان / ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے جامع سفارشات لے کر آئیں، جام کمال

ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے جامع سفارشات لے کر آئیں، جام کمال

کوئٹہ (خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا دورہ کیا جہاں انہیں کارپوریشن کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر غلام فاروق لانگو کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، پارلیمانی سیکریٹری محترمہ بشریٰ رند اور دنیش کمار بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ جام کمال خان صوبے کے پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے دورہ کے دوران میڈیا سے بھی بات چیت کی اور کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے حکومتی کوششوں اور اپنے وژن کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو اہمیت اور سرپرستی نہیں ملی جس کی وجہ سے یہ ادارہ اپنے قیام کے مقاصد اور اہداف حاصل نہ کرسکا، انہوں نے کہا کہ اپنے اثاثہ جات کے حوالے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ایک امیر ادارہ ہے تاہم منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث کارپوریشن کا انحصار حکومتی گرانٹ پر ہے اور ادارے کی اپنی آمدنی نہ ہونے کے برابر ہے، اگر کارپوریشن اپنے اثاثہ جات کو صحیح طور پر استعمال میں لائے تو مالی طور پر خودانحصاری حاصل کرسکتی ہے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کارپوریشن کے محاصل کے ڈھانچہ اور سروس اسٹرکچر کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے، صحت اور صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے شہر کو سب زونز میں تقسیم کیا جائے اور شہر کے مسائل کے حل ، خوبصورتی کی بحالی اور جدید شہری سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوئٹہ کی ترقی کا ماسٹر پلان بنایا جائے، وزیراعلیٰ نے ٹریفک کے نظام کی ابتری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک بیورو کے قیام اور مختلف علاقوں میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کو ناگزیر قراردیا، انہوں نے کچرہ کو ٹھکانے لگانے کے لئے نجی شعبہ میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے کارپوریشن کے ٹیکسز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرکے ٹیکسوں کی بنیاد کو وسیع کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر صوبے کا چہرہ ہے جسے خوبصورت بنانے کی ضرورت ہے، مصنوعی اور وقتی اقدامات مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل کے حل کے لئے جامع منصوبہ بندی اور اس پر دلجمعی اور خلوص نیت کے ساتھ عملدرآمد کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے بریفنگ کے دوران نشاندہی کئے گئے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے جامع سفارشات لے کر آئیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لئے شہریوں اور معاشرے کے ہر طبقہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کارپوریشن کے فائربریگیڈ شعبہ کو اسنارکلز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور محاصل میں اضافے، خوبصورتی کی بحالی سمیت دیگر امور پر گائیڈ لائن دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے