. پی سی بی کا سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان - Today Pakistan
Home / کھیل / پی سی بی کا سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان

پی سی بی کا سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان

سلیکشن کے معاملات میں تسلسل کی پالیسی پر کاربند ہیں،ورلڈ کپ کے بعد سرفراز کی کپتانی کا جائزہ لیں گے‘احسا ن مانی

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ورلڈ کپ 2019ءتک سرفراز احمد کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکشن کے معاملات میں تسلسل کی پالیسی پر کاربند ہیں، غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کے لئے باہمی مشاورت سے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ احسان مانی نے کہا کہ یہ افسوس کی ہے بات ہے کہ ایک واقعے کے بعد قیاس آرائیاں کی گئیں کہ کپتان تبدیل ہورہا ہے۔سرفراز احمد کا ریکارڈ بہت اچھا ہے ، سارا بورڈ ان کے ساتھ ہے اور ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ سرفراز احمد کپتان ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کی قیادت کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی تینوں فارمیٹ میں اچھی ہے، وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں گرین شرٹس نے چیمپئنز ٹرافی فتح سمیت اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں، ٹیم میں اتحاد اور اتفاق کا ماحول ہے، انہوں نے انڈر 19 سے لیکر اب تک بہترین قیادت کی ہے، ٹیم رینکنگ میں نویں نمبر پر تھی اس کو اٹھایا، ہر سیریز کے بعد باتیں شروع ہوجانا اچھی بات نہیں۔احسان مانی نے کہا کہ ہر سیریز کے بعد ٹیم میں کپتان سمیت سب کی پرفارمنس دیکھتے ہیں، ورلڈ کپ کے بعد سرفراز کی کپتانی کا جائزہ لیں گے۔امید کرتے ہیں کہ گرین شرٹس آئندہ میچز کے بعد ورلڈ کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا اور انگلینڈ سے سیریز ہیں، ہمیں ہار سے سبق سیکھنا چاہیے، نیوزی لینڈ سے ہمیں سیریز جیتنی چاہیے تھی تاہم کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔اس موقع پر کپتان سرفراز نے کہا کہ اعتماد کرنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، ورلڈ کپ میں کپتانی کرنا کسی بھی کپتان کے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستان کے لیے اچھے سے اچھا کرنے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو غلطی کی اس کی سزا مل گئی اور سزا پوری بھی ہوگئی، اب آگے دیکھتے ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سرفراز احمد کے منہ سے اینڈل فیلکوایو کے بارے میں نکلنے والے چند جملے نسلی تعصب کے الزام کی زد میں آئے، انہوں نے اپنے رویے کی معافی مانگی جو قبول کر لی گئی، اس کے باوجود آئی سی سی نے انہیں 4 میچز کے لئے معطل کردیا، جس کے باعث پی سی بی نے انہیں واپس بلوانے کا فیصلہ کیا اور کمان شعیب ملک کے سپرد کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے