. حکومت بتائے کس سے ڈیل ہورہی ہے‘مسلم لیگ (ن) - Today Pakistan
Home / بین الاقوامی ویڈیوز / حکومت بتائے کس سے ڈیل ہورہی ہے‘مسلم لیگ (ن)

حکومت بتائے کس سے ڈیل ہورہی ہے‘مسلم لیگ (ن)

عمران خان کی تبدیلی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،قرضے لینے کے باوجود ملکی معیشت مستحکم نہیں ہورہی‘رانا تنویر

لاہور (ٹوڈے پاکستان نیوز) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ڈیل کی بات کی جارہی ہے، کس سے ڈیل ہورہی ہے یہ بھی بتائیں،نواز شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور انکے خاندان کے لوگوں کو تشویش ہے،ہم چاہتے ہیں کہ میاں صاحب کا بیرون ملک علاج ہو کیونکہ وہاں ڈاکٹرز انکی ہسٹری جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی عیادت کے لئے سروسز ہسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز شریف کا لندن میں بائی پاس ہو چکا ہے ، وہ عارضہ قلب میں مبتلا ہیں ،اگر دل کا مرض ہے تو نواز شریف کو یہاں کیوں لائے اس پر انکے خاندان کے لوگوں اور ہمیں تشویش ہے،نواز شریف ایک سے زائد امراض میں مبتلا ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ میاں صاحب کا بیرون ملک علاج ہو کیونکہ وہاں ڈاکٹرز انکی ہسٹری جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ڈیل کی بات کی جارہی ہے، ڈی کی باتیں کرنے والوں کو چیلنج کیا ہے کہ بتائیں کس سے ڈیل ہورہی ہے ،اگر عدلیہ سے ریلیف مل رہا ہے تو اسے ڈیل سے تشبیہ دینا مناسب نہیں ۔ حکومت کے وزراءکے بیانات اخلاق سے گرے ہوئے ہیں،میاں صاحب پہلے ہی تکلیف میں، حکومتی وزرا مزید تکلیف دے رہے ہیں،میاں صاحب کی رپورٹس تسلی بخش ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ انکو کوئی تکلیف نہیں۔انہوںنے کہا کہ میاں صاحب کا مورال بلند ہے ، نواز شریف کو تشویش ہے کہ ملک روز بروز نیچے جا رہا ہے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کی تبدیلی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،دوسرے ممالک سے قرضے لینے کے باوجود ملکی معیشت مستحکم نہیں ہورہی اور معاشی ریٹنگ منفی جا رہی ہے،آج ملک کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ نئی بوتل میں پرانی شراب کے مترادف ہے ، ہمارے دور میں صحت کارڈ کا اجرا ہوا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے