. نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں علاج جاری ،کارکنوںکو دیکھ کر ہاتھ ہلایا - Today Pakistan
Home / اہم خبریں / نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں علاج جاری ،کارکنوںکو دیکھ کر ہاتھ ہلایا

نواز شریف کا سروسز ہسپتال میں علاج جاری ،کارکنوںکو دیکھ کر ہاتھ ہلایا

ڈاکٹروںنے مریم نواز کو والد کی صحت کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ،کارکنوںنے اظہار یکجہتی کیلئے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا

لاہور(ٹوڈے پاکستان نیوز)سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کا سروسز ہسپتال میں میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی علاج جاری ہے ، مریم نواز نے اپنے شوہر کیپٹن (ر ) محمد صفدر اور داماد راحیل منیر کے ہمراہ نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی ،کارکنوںنے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کےلئے سروسز ہسپتال کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیا ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا سروسز ہسپتال کے وی آئی پی روم میں علاج جاری ہے ۔میڈیکل بورڈ کی ہدایت پر نواز شریف کو وی آئی پی روم سے نیو او پی ڈی وارڈ لے جایا گیا جہاں ان کے ایک گھنٹہ تک مختلف ٹیسٹ کئے گئے ۔ واپس جاتے ہوئے نواز شریف نے اظہار یکجہتی کےلئے موجود کارکنوں اور عوام کو دیکھ کر ہاتھ بھی ہلایا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے میڈیکل بورڈ میں مزید تین ڈاکٹروںکا اضافہ کر دیا گیا ہے جن میں پروفیسر ڈاکٹر زاہد ، پروفیسر ڈاکٹر خدیجہ اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم شامل ہیں۔ دوپہر کے وقت نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور داماد راحیل منیر کے ہمراہ سروسز ہسپتال پہنچیں ۔ اس موقع پر کارکنوںنے مریم نواز کی گاڑی کے گرد جمع ہو گئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے تاہم پولیس انہیں سختی سکیورٹی حصار میں وی آئی پی بلاک کے اندر لے گئی ۔ مریم نواز، کیپٹن(ر) محمد صفدر اور راحیل منیر نے حکام کی جانب سے باضابطہ اجازت ملنے کے بعد نواز شریف سے ملاقات کی۔ ا س موقع پر میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے نواز شریف کی صحت اور اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز اپنے والد نوازشریف کےلئے پرہیز ی کھانا بھی ہمراہ لائیں جو انہوںنے دوپہر کے وقت ان کے ہمراہ کھایا ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوںنے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے سروسز ہسپتال میں علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگالیا ہے جہاں کارکن وقفے وقفے سے نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے