. جیلوں میں اصلاحات اور انہیں مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ ضیاءلانگو - Today Pakistan
Home / بلوچستان / جیلوں میں اصلاحات اور انہیں مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ ضیاءلانگو

جیلوں میں اصلاحات اور انہیں مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ ضیاءلانگو

گڈانی(خ ن ) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبہ کے جیلوں میں اصلاحات لانے اور انہیں مزید مضبوط اور محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں- انہوں نے کہا جیلوں میں مقید قیدیوں کو جیل مینول کے مطابق سہولیات کی فراہمی، انکے بنیادی اور انسانی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اس امر کو یقینی بنانے کے لیے جیل انتظامیہ ضروری اقدامات کرے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے گڈانی جیل کے دوران دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سردار زادہ شہزادصالح بھوتانی بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ گڈانی جیل پہنچنے پر جیل انتظامیہ نے صوبائی وزیر داخلہ کا مرتبہ کا استقبال کیا، پولیس اور لیویز کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی بھی دی ۔ صوبائی وزیر کو جیل انتظامیہ نے جیل کے کام اور کارکردگی پر بریفنگ بھی دی ۔ بعدازاں صوبائی وزیر داخلہ نے جیل کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، وہ قیدیوں سے ملے اور ان کو درپیش مسائل سنے ۔صوبائی وزیر داخلہ نے قیدیوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے جیل حکام کو ہدایت کی ۔ صوبائی وزیر داخلہ نے جیل وارڈ میں زیر علاج قیدیوں کی عیادت کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ قیدیوں کے علاج معالجہ میں کسی بھی قسم کی کمی یا کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔پولیس اور لیویز آفسیران اور اہلکاروں سے بات چیتت کرتے ہوئے انہوں نے کہا پولیس اور لیویز کا امن و امان کے قیام میں کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، پولیس اور لیویز اہلکاروں کو دور حاضر کے مطابق جدید ہتھیاروں اور جنگی آلات سے لیس کیا جائے گا ۔دریں اثنا انہوں نے گڈانی ریسٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہوں کو سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہل اور محفوظ بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ بیلہ میں رو نما ہونے والے المناک حادثہ کی وجوہات جاننے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی کی رپورٹ اور اس کی جانب سے سفارشات آنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا ضلعی انتظامیہ، پولیس، لیویز اور موٹر وے پولیس قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والی گاڑیوں کی تیزرفتاری، ضرورت سے زیادہ وزن اٹھانے، ان میں پیٹرول، ڈیزل یا کسی بھی قسم کی اشیاءجن سے انسانی جان کو خطرہ ہو پر سخت کارروائی عمل میں لائے۔ اپنے دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر نے ڈی جی سمنٹ فیکٹری کا بھی دورہ کیا، فیکٹری حکام نے انہیں فیکٹری کے بارے بریفنگ دی ۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے فیکٹری کے احاطہ میں پودا بھی لگایا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے