. پاکستان کی محبت کشمیر کےلئے دن بدن بڑھ رہی ہے،فواد چوہدری - Today Pakistan
Home / اہم خبریں / پاکستان کی محبت کشمیر کےلئے دن بدن بڑھ رہی ہے،فواد چوہدری

پاکستان کی محبت کشمیر کےلئے دن بدن بڑھ رہی ہے،فواد چوہدری

کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ہماری حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے پر عزم ہے،یہ تعلق زمین کا نہیں روح کا ہے،ہمارا لہو کشمیریوں کےساتھ بہتا ہے

اسلام آباد (ٹوڈے پاکستان نیوز)وزیراطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہاہے کہ کشمیر میں نسل در نسل جدو جہد آزادی چل رہی ہے ،ہمارا کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے ،پاکستان ماضی میں بھی کشمیریوں کی جدو جہد کےساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑا رہےگا ،کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ہماری حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے پر عزم ہے، پاکستان کی محبت کشمیر کےلئے دن بدن بڑھ رہی ہے۔جمعہ کو ایف نائن پارک ایوان قائد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہا کہ کشمیر میں نسل در نسل جدو جہد آزادی چل رہی ہے ،ہم بھی نسل در نسل کشمیریوں کےساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے،پاکستانیوں نے کشمیر کےلئے تین جنگیں لڑی ہےں،یہ تعلق زمین کا نہیں روح کا ہے،ہمارا لہو کشمیریوں کےساتھ بہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کے نزدیک ایک دہشت گردی کا مسئلہ ہے لیکن ہمارے نزدیک انسانی آزادی کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قیادت چاہے وہ آزاد کشمیر کی ہو یا مقبوضہ کشمیر کی، وہ سب کہتے ہیں کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کےساتھ دھڑکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی محبت کشمیر کےلئے دن بدن بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر ہم بھارت کےساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں ،لیکن بھارت کی اپروچ غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بہت ظلم کر رہا ہے اور یہ ظلم بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیا سمجھتا ہے کہ اس کے کشمیر پر مظالم دنیا سے چھپ جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمر فاروق اور محبوبہ مفتی بھی کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ کشمیر یوں کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم پھر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں امن ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ماضی میں بھی کشمیریوں کی جدو جہد کےساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑا رہےگا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے پر عزم ہے۔تقریب سے صدر آزاد کشمیر سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ میر واعظ عمر فاروق کا ویڈیو پیغام بھی تقریب میں دکھایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے