تراوس ہیڈکی شاندار سنچری،آسٹریلیا نے بھارت کو6وکٹوں سے شکست دے کرریکارڈچھٹی بارآئی سی سی ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا

:آئی سی سی ورلڈکپ 2023میں تراوس ہیڈ کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کو فائنل میں 6وکٹوں سے شکست دے کر ریکارڈ چھٹی بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا ، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 240 رنز بنائے ، کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے نصف سنچریاں سکور کیں

، مچل سٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 43 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ،47رنز پر 3وکٹیں گرنے کے بعدتراوس ہیڈ اور لبوشین نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا اور چوتھی وکٹ میں 192رنز کی شراکت جوڑ کر بھارت کی ٹائٹل جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، تراوس ہیڈ نے 137 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا ۔

اتوار کے روز نریندرا مودی اسٹیڈیم ، احمد آباد میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، بھارت کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور شبمان گل 4 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر ایڈم زامپا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 76 کے مجموعی اسکور پر بھارت کی دوسری وکٹ گر گئی جب کپتان روہیت شرما 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر گلین میکسویل کی گیند پر تراوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ،

اگلے اوور میں پیٹ کمنز نے شریاس آئیر کو 4 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے بھارت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ، ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے لمبی شراکت داری بنانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے ، ویرات کوہلی 54 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، روندرا جدیجا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر جوش انگلیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، کے ایل راہول چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 66 رنز بنا کر مچل سٹارک کا نشانہ بن گئے ،

اس کے بعد بھارت کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 50 اوورز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، سوریا کمار یادیو 18، محمد شامی 6 ، جسپریت بمرا ایک اور کلدیپ یادیو 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک نے تین جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں

، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف تراوس ہیڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 43 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، 47 کے مجموعی سکور پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد تراوس ہیڈ نے اور مارنس لابوشین نے انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 192 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو چھٹی بار ورلڈ چیمپیئن بنوا دیا ، تراوس ہیڈ 120 گیندوں پر 137 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے

، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے ، مارنس لابوشین نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، ڈیوڈ وارنر نے 7 ، مچل مارش نے 15، سٹیون سمتھ 4 اور گلین میکسویل نے 2 رنز بنائے ، بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، تراوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں