طالبان کا جنگجو واپس بلانے کی خیبرپختون خوا حکومت کی اپیل کا خیرمقدم

تحریک طالبان پاکستان نے جنگجو واپس بلانے کی بیرسٹر سیف کی اپیل کا خیرمقدم کیا ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل طالبان سے اپنے لوگ واپس بلانے کی اپیل کی تھی، آج تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے اس کا خیر مقدم کیا گیا ہے، یہ اچھی پیش رفت ہے، اب بندوق رکھ کر امن کی بات کرنے کی آس لگی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف کسی کی ڈیوٹی لگائیں کہ انہیں وقتا فوقتا یہ یاد کرائیں کہ آپ ملک کے وزیر دفاع ہیں، ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے، صرف بیان بازی نہیں عملی کام بھی کریں، وہ ایسے بیانات دے رہے ہیں جیسے خیبرپختونخوا پاکستان کا حصہ ہی نہیں ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ سوات کے معاملے پر امپورٹڈ حکومت نے سیاست چمکائی، خواجہ آصف کو آگ اپنے دامن تک پہنچتی نظر آ رہی ہے تو اقتدار میں بیٹھ کر اس کا کیا سدباب کر رہے ہیں، رانا ثناء اللہ ہیلی کاپٹر چارٹرڈ کرائیں تاکہ بھاگنے میں آسانی ہو، خیبرپختونخوا میں لاء اینڈ آرڈر، معاشی بدحالی کی جھوٹی باتوں کے پیچھے گمراہ کن ایجنڈا ہے، یہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا راستہ ہموار کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں