عمران خان کو الیکشن کمیشن کی تعریف کرنی چاہئے، شجاعت حسین

سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ عمران خان کو الزامات کے بجائے اچھے انتظامات پر الیکشن کمیشن کی تعریف کرنی چاہئے۔
جاری بیان میں چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد عمران خان دھاندلی کا الزام نہ لگائیں، عمران خان کو بڑی کامیابی ملی ،اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہئے۔
چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی کامیابی کے بعد چند پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے، اب ایسا الزام عمران خان کے منہ سے اچھا نہیں لگتا۔
خیال رہے کہ آج پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ کراچی میں جو نشست ہم ہارے ہیں وہاں پیپلز پارٹی نے کھل کر دھاندلی کی ہے۔ اس حوالے سے ہمارے پاس تمام ثبوت ہیں۔ سندھ کا الیکشن کمشنر وہاں کی صوبائی حکومت کا تنخواہ دار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اور پنجاب اسمبلی کے 11 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے مکمل نتائج کے مطابق تحریک انصاف 8 اور پیپلزپارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ ایک نشست ن لیگ کے حصے میں آئی ہے۔