قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے جس کا کوئی حل ہمارے پاس نہیں، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت قیمتوں میں اضافے کے فیصلے لینا مجبوری ہے جس کا کوئی حل ہمارے پاس نہیں ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ فیصلے نہ لینے کے نتائج کے پیش نظر ہمیں یہ فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن ہم ان فیصلوں سے قطعی طور پر متفق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے بھی یہی بات کی کہ دل پر پتھر رکھ کر ہمیں یہ فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، ایسے فیصلوں کی کون تائید کر سکتا ہے جس سے غریب کا چولہا ٹھنڈا ہوجائے، ہاں ایک مجبوری ضرور ہے اور اس کا کوئی حل ہماے پاس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی یہی خواہش اور مطالبہ ہے کہ قیمتیں کم کی جائیں، حکومت کی معاشی ٹیم یہی مطالبہ آئی ایم ایف سے کرتی رہی کہ سبسڈی دینے کی اجازت دی جائے ورنہ غریب پر بہت بڑا بوجھ پڑے گا، ہم یہی پیسے کہیں اور سے اکھٹا کرلیں گے لیکن آئی ایم ایف نے جواب دیا کہ نہیں، ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ وزیر اعظم کا نام کیا ہے اور معاشی ٹیم کس کے ماتحت ہے، ہمارا یہ معاہدہ حکومت پاکستان کے ساتھ ہے، وزیر اعظم پاکستان نے ہمارے ساتھ یہ معاہدہ کیا ہے اور اسے آپ کو پورا کرنے پڑے گا۔

 قیمتوں میں اضافے سے متعلق پارٹی میں اختلاف اور نائب صدر مریم نواز کی رائے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے درست بات کی ہے، وزیر اعظم بھی یہی بات کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کبھی یہ نہیں کہا کہ یہ بڑے اچھے فیصلے ہیں یا میں ان فیصلوں کی تائید کرتا ہوں بلکہ آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت مجبوری میں یہ فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں