تباہ کن سیلاب سے 500 سے زائد بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، یونیسیف

یونیسیف پاکستان کے نمائندے عبداللہ فادل نے کہا ہے کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 528 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، یہ حقیقت افسوسناک ہے کہ بڑے پیمانے پر امداد میں اضافہ نہ کیا گیا تو مزید بچے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
یونیسیف حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عبداللہ فادل نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا 2 روزہ دورہ ختم کرنے کے بعد لوگوں کی سنگین صورتحال کا ذکر کیا اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غذائی قلت کا شکار بچے وہ ڈائریا، ملیریا اور ڈینگی بخار سے لڑ رہے ہیں جبکہ متعدد کو جِلدی امراض کی تکلیف دہ صورتحال کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 60 لاکھ بچے حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور کم از کم 34 لاکھ لڑکیوں اور لڑکوں کو فوری طور پر زندگی بچانے والی سپورٹ کی ضرورت ہے، بچے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں، انہیں پینے کے پانی اور کھانا میسر نہیں، ان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں، انہیں دیگر خطرات جیسے تباہ شدہ عمارتیں، سیلابی پانی میں ڈوبنے اور سانپ کا بھی سامنا ہے۔