عمران خان جھوٹ کی عمارت سجائے بیٹھا ہے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم اور لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کو نشانے پر لے لیا۔ بولے کہ چیئرمین پی ٹی آئی جھوٹ کی عمارت سجائے بیٹھا ہے، جو مال بک سکتا ہے عمران خان وہ بیچنے کی کوشش کرتا ہے، ان کی 4 سال کی غفلت نااہلی اور کرپشن 4 مہینے میں دور نہیں ہوسکتی۔
شرقپور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی ہر بات جھوٹ ثابت ہوتی ہے، ہماری بدقسمتی ہے ایسا شخص ہم پر مسلط کیا گیا، عمران خان ملک کے معاملات کو نہیں سمجھتا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی 4 سال کی غفلت، نااہلی 4 مہینے میں دور نہیں ہوسکتی، عمران خان ایک کام بتادیں جو اس نے پنجاب یا پاکستان کے عوام کیلئے کیا ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان جھوٹ کی عمارت سجائے بیٹھا ہے، جو مال بک سکتا ہے عمران وہ بیچنے کی کوشش کرتا ہے، کیا ایسے شخص کو ووٹ دیا جاسکتا ہے جسے پتہ ہی نہ ہو کہ حکومت اس کی ہے؟۔