رانا ثناء اللہ نے وارنٹ گرفتاری عدالت میں چیلنج کردیے

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لئے درخواست دائر کردی۔

رانا ثناء اللہ نے اپنے وکلا کے توسط سے سینیئر سول جج راولپنڈی کی عدالت میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے لئے درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے غلط بیانی سے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے، عدالت وارنٹ واپس لے کر ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم دے۔

سینیئر سول جج راولپنڈی نے رانا ثنا اللہ کے وکلا کی درخواست اعتراض لگا کرواپس کردی تھی۔

سول جج نے اعتراض کیا کہ وہ ایریا مجسٹریٹ نہیں سینیئرسول جج ہیں، وارنٹ منسوخی کا اختیاراینٹی کرپشن کورٹ کا ہے، مروجہ طریقہ کار کے مطابق رانا ثناء اللہ کا وکالت نامہ ساتھ لگا کر درخواست دیں۔

فاضل جج کی ہدایت پر وکلا نے رانا ثنا اللہ کے دستخط کروا کر وکالت نامہ عدالت میں جمع کروا دیا۔

عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔ کیس کی مزید سماعت 13 اکتوبر کو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں