سیلاب کی تباہ کاریاں؛ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6579 کلومیٹر سڑکیں تباہ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے سندھ اور خیبرپختون خوا میں مزید 6579 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر(NFRCC) کی جانب سے سیلاب کی تباہ کاریاں اور امدادی سرگرمیوں کی تازہ ترین صورتحال جاری کردی گئی ہے۔

این ایف آر سی سی کی رپورٹ کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا میں مزید انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، اور صرف 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6579 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئیں، اور مزید 246 پلوں اور 173 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

این ایف آر سی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے اضلاع قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین بھی متاثر ہوئے۔

این ایف آر سی سی کے مطابق بلوچستان کے کوئٹہ، نصیر آباد، جعفر آباد، جھل مگسی بھی متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں، جب کہ بولان، صحبت پور اور لسبیلہ کے علاقے بھی سیلاب سے متاثر ہوئے۔

این ایف آر سی سی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، چارسدہ، کوہستان، ٹانک اور ڈی آئی خان شامل ہیں۔

این ایف آر سی سی نے بتایا کہ پنجاب کے ضلع ڈی جی خان اور راجن پور سیلاب سے زیادہ متاثر ہیں۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور 24 گھنٹوں کے دوران آرمی ہیلی کاپٹرز کی مزید 22 پروازوں نے 70 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل اور 29.9 ٹن امدادی سامان پہنچایا۔

این ایف آر سی سی اب تک 485 پروازوں کے ذریعے 4424 افراد کا انخلا کیا گیا، اور اب تک 6452.3 ٹن کھانے پینے کی اشیاء کی تقسیم کی جاچکی، اس دوران 1165.3 ٹن بنیادی ضرورت اور 43 لاکھ طبی اشیاء بھی فراہم کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں