حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کا وسیع رقبہ شدید متاثر ہوا ہے،قدوس بزنجو

اوستہ محمد ( آئی این پی ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کا وسیع رقبہ شدید متاثر ہوا ہے اور جانی و مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں صوبائی حکومت اس قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کے لیئے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت برے کار لا رہی ہے تاہم بحالی و تعمیر نو کے عمل میں طویل عرصہ اور خطیر فنڈز درکار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ مسٹر انٹونیو گودریس کے ضلع جعفر آباد کے دورے کے موقع پر انہیں سیلاب کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا ۔ چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بریفنگ دی، قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی وفاقی وزرا صوبائی وزیر محمد خان لہڑی سینیٹر ثناءجمالی اور رکن قومی اسمبلی نوبزادہ خالد خان مگسی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیلاب سے تعلیمی اور طبی اداروں روڈ نیٹ ورک ڈیموں اور آبنوشی کی اسکیمات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے اور بچے اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہیں انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو درپیش صحت کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور امید ہے کہ عالمی ادارے اور اقوام عالم بھی آگے بڑھ کر ہمارا ساتھ دینگے وزیراعلءنے کہا کہ متاثرین کی امداد اور بعد ازاں بحالی کے لیئے ہمارے عزم و حوصلے میں کوئی کمی نہیں اور حکومت اپنی اس زمہ داری کو ہر صورت پورا کریگی وزیراعلءنے متاثرہ ضلع میں وزیراعظم کے ہمراہ سیکرٹری جنرل یو این او کی آمد پر خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکا یہ دورہ انتہائی اہم اور متاثرین اور صوبائی حکومت کے لیئے باعث حوصلہ و تقویت ہے انہوں نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے عمل میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت اور عالمی برادری کے تعاون سے ہم اس چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے میں کامیاب ہونگے اور اللہ تعالیٰ اس امتحان میں ہمیں سرخرو کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں