کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بارشیں ، حکومت بلوچستان کا الرٹ جاری

صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے محکمہ موسمیات کے الرٹ پر ممکنہ بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ پی ڈی ایم اے،اور متعلقہ ضلعی اداروں کو ہمہ وقت تیار رہنے اور کسی بھی نا خوشگوار صورتحال میں متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانےکے لیے مربوط اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ مشیر داخلہ میر ضیاء کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے محکمہ صحت اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا جاے گا جس میں تمام متعلقہ حکام کو موجودہ موسمی صورتحال، متوقع بارشوں میں عوام کےتحفظ، بچاو، اورریلیف کیلئے تمام ترکوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے لوگوں کوبوقت ضرورت محفوظ جگہوں/ کیمپ سائٹس پرمنتقل کرنے جبکہ ہنگامی طبی امداد کی فراہمی اور وبائی امراض سے بچاو کے لئے میڈیکل ٹیموں کو متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی جانب سے مراسلے میں بارش اور سیلاب کے پانی کی نکاسی کے لئے مطلوبہ مشینری اور عملہ متعلقہ مقامات پر پہنچانے کی بھی ہدایت کی جاے گی تاکہ وبائی امراض سے بچا جاسکے۔ مزید برآں ضلعی انتظامیہ کو بجلی کے شارٹ سرکٹ کے واقعات اور اس کے نتیجے میں انسانی جانی نقصان کو روکنے کےلیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں مشیر داخلہ نے تمام اضلاع کے لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے اور متاثرہ لوگوں کو باحفاظت طریقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں نقصانات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ نے صوبہ بھر میں ریسکیو اداروں سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور تیاری ہونی چاہیے۔ صوبائی حکومت متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں