ایکواڈور کی جیل میں فسادات کے دوران 15 قیدی ہلاک

ایکواڈور کی جیل میں فسادات کے دوران 15 قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکواڈور کی جیلوں کا انتظام کرنے والی ایجنسی ایس این اے آئی کے ترجمان کے مطابق لٹاکونگا کی کوٹو پیکسی جیل میں پیر کو ہونے والے فسادات میں 15 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

ایکواڈور کی جیلوں میں فسادات کے ماضی میں بھی متعدد واقعات پیش آچکے ہیں اور فروری 2021 سے جیلوں میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں 400 سے زیادہ قیدی ہلاک ہو چکے ہیں، حکومت نے ان فسادات کی وجہ منشیات اسمگلرز کی گینگ وار کو قرار دیا ہے۔

کوٹوپیکسی صوبے کے گورنر اوسوالڈو کورونل نے صحافیوں کو بتایا کہ جیل کی سیکیورٹی بحال کر دی گئی ہے اور صورتحال قابو میں ہے، 14 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایکواڈور میں جولائی میں جیل میں ہونے والے فسادات میں 12 قیدی ہلاک ہوگئے تھے اور ٹھیک دو ماہ بعد مئی میں اسی جیل میں فسادات میں 43 قیدی ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی کمیشن برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ ایکواڈور کی حکومت نے جیلوں میں سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات نہیں کیے ہیں اور جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایکواڈور کی جیلوں میں 33 ہزار 500 قیدی موجود ہیں جو قیدیوں کو رکھنے کی انتہائی گنجائش سے 11.3 فیصد زیادہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں