نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ 2018 میں الیکشن مہم چلائی تو اس دوران ملک میں بہت بےروزگاری تھی، پاکستان میں صنعتی زون نقصان میں جارہے تھے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریاں بند ہورہی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ساڑھے 3 سالہ دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، کسانوں کو شوگرملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے تاریخی ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے ملکی دولت میں اضافہ اور کرپشن میں کمی کی، ہم نے پٹرول کی قیمت کم رکھی، عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، ہمارے دور میں بجلی کی قیمت 18 روپے یونٹ تھی۔

عمران خان نے کہا کہ آج مزدوروں، کسانوں اور صنعتکاروں کے برے حالات ہیں، 4 ماہ میں مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ مہنگائی مزید بڑھے گی اور پاکستان کے معاشی حالات کی بہت بڑی وجہ حکومتی کرپشن ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں سے جواب مانگ رہی ہے، چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں نے غداری کی، ان چوروں نے آتے ہی 1100 ارب روپے کی چوری معاف کرائی۔

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو سنبھال نہیں پارہے، ملک کے حالات بگڑتے جارہے ہیں، آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا کہ سیاسی استحکام آنے تک ملک کے حالات بگڑتے جائیں گے، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جائے گی لیکن یہ الیکشن کرانے سے ڈرتے ہیں، ان کو پتہ ہے جب الیکشن ہوا تو ان کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے اور یہ دونوں زرداری اور نواز شریف ان کی پوری کوشش ہے کہ ایسا آرمی چیف آئے جو یہ اپنا کوئی فیوریٹ لے کر آئے، یہ اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں کیونکہ پیسہ انہوں نے چوری کیا ہے، یہ ڈرتے ہیں کہ یہاں کوئی تگڑا آرمی چیف آگیا، ایک محب وطن آرمی چیف آگیا تو وہ پوچھے گا ان سے، اس ڈر سے یہ دونوں بیٹھے ہوئے ہیں کہ یہ دونوں مل کر اپنا آرمی چیف اپوائنٹ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں