نواز شریف یا ان کے کسی نمائندے سے کوئی پسِ پردہ رابطہ یا ملاقات نہیں ہوئی، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف یا ان کے کسی نمائندے سے نہ تو کوئی پسِ پردہ رابطہ یا ملاقات ہوئی نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔

اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف یا ان کے کسی نمائندے سے نہ تو کوئی پسِ پردہ رابطہ یا ملاقات ہوئی نہ ہی اس کی ضرورت ہے، ایسی تمام اطلاعات محض قیاس آرائی یا کسی میڈیا سیل کی اختراع تو ہوسکتی ہے مگر اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بیک ڈور گفتگو وہاں ہوتی ہے جہاں معاملات عوام کی بجائے اشرافیہ کو طے کرنے ہوں لیکن اب پاکستان میں کسی کے ہاتھ کچھ نہیں، فیصلے عوام نے اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن یہ مذاکرات خفیہ نہیں ہوں گے، ان مذاکرات کیلئے صرف ایک شرط ہے کہ انتخابات کا اعلان کیا جائے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کے باضابطہ اعلان کے بغیر کسی خفیہ و اعلانیہ مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے- سنجیدگی سے انتخابات کی تاریخ پر غور کیا جائے اور اس کا اعلان کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں