کیا پاکستان بدلہ چکا پائے گا؟ایشیا کپ میں روایتی حریف آج پھرمدمقابل

ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اور بھارت میں آج بروز اتوار 4 ستمبر کو ایک بار پھر زور کا جوڑ پڑے گا، دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

قومی کرکٹ ٹیم بڑے میچ میں نئے عزم کے ساتھ روایتی حریفوں کو شکست دینے کیلئے آج پھر میدان میں اترے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

جوشیلے انداز کے مالک فاسٹ بولر شاہنواز دھانی انجری کا شکار ہونے کے بعد آج بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے جو کہ بابر الیون کیلئے بڑا جھٹکا ہے۔

ان کی جگہ محمد حسنین یا حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا، جب کہ بھارتی بولر اویش خان بھی بیمارپڑگئے، اورآل راؤنڈرجدیجہ گھٹنے کی انجری کے باعث ایشیا کپ سے ہی باہر ہوگئے۔

فائنل کب ہوگا؟

واضح رہے کہ گروپ اسٹیج پر بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کیخلاف میچ آخری اوور میں جیتا تھا۔ قومی ٹیم 7 ستمبر کو افغانستان کیخلاف میچ کھیلے گی، فائنل 11 ستمبر کو سپر فور کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔

روایتی حریفوں کا گزشتہ میچ

دونوں حریف ٹیمیں گزشتہ اتوار کو بھی آمنے سامنے آئی تھیں جہاں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ایک چھوٹا ہدف دیا تھا تاہم فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں میچ دلچسپ بنادیا تھا۔

نسیم شاہ نے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو بھی پریشان کیے رکھا اور سلپ پوزیشن پر انہیں ایک کیچ کا موقع بھی ملا تاہم فخر زمان گیند کو اپنی گرفت میں لینے میں ناکام رہے۔

بھارت نے گروپ میچ میں پاکستان کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر 148 رنز بنا کر 5 وکٹوں شکست دی تھی۔ اب کرکٹ شائقین کو ایک مرتبہ پھر روایتی حریف ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں