حکومت سن لو، جتنا دبانے کی کوشش کرو گے، اتنا اور مقابلہ کروں گا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اور ان کے پیچھے جو بھی ہیں، کان کھول کر میری بات سن لو، جتنا ڈرانے اور دبانے کی کوشش کرو گے، اتنا اور مقابلہ کروں گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا بہاولپور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیری بلاسم (شہباز شریف) غور سے سن لو یہ جو میرے اور میرے لوگوں کے خلاف حربے استعمال کررہے ہو، آپ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ملک کی خاطر کوئی ایسی حرکت نہیں کررہا جس سے ملک کو نقصان ہو، اگر میری کمر دیوار کے ساتھ لگا دی تو یاد رکھیں ‘کورنرڈ ٹائیگر’ بن جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک بن رہا تھا تو نعرہ تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا اور تیرا میرا رشتہ کیا، لا الہ الا اللہ، یہ ایک انسان کو غیرت دیتا ہے، جس کے دل میں لا الہ الا اللہ آ جاتا ہے وہ کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتا کیونکہ اس کی امید اللہ سے ہے۔